کراچی: شہر قائد میں انتظامیہ نے اضافی قیمت پر دودھ فروخت کرنے والوں کی دکانیں سیل کر کے جرمانے کر دیے۔
شہر کراچی میں دودھ کی سرکاری قیمت 94 روپے فی لیٹر مقرر ہے جبکہ ڈیری فارمرز کی ویلفئیر تنظیم نے دودھ کی قیمت میں من مانا اضافے کا اعلان کرتے ہوئے قیمت 120 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا تو شہری انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی اور اضافی قیمت پر دودھ فروخت کرنے والوں کی دکانیں سیل کر کے جرمانے کر دیے گئے۔
انتظامیہ نے ڈیری ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر شاکر گجر کو بھی رات گئے حراست میں لے کر ان کی دکان سیل کر دی۔
دکاندار کہتے ہیں کہ وہ شہر میں دودھ سرکاری قیمت پر ہی فروخت کریں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شہر بھر میں سرکاری قیمت سے مہنگا دودھ فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا اوردکانیں بھی سیل کیں۔
واضح رہے کہ شہر میں اس وقت دودھ 94 سے 110 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
دو روز قبل کراچی میں ڈیری فارمز مالکان نے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں دس روپے کا من مانا اضافہ کر دیا تھا، جس کے بعد شہر میں دودھ 120 روپے فی لیٹر فروخت ہونا شروع ہو گیا۔
مزید پڑھیں: حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام، 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
ڈیری فارمرز نے ایکس فارم قیمت بڑھا کر دکانداروں کو دودھ مہنگا فروخت کرنا شروع کر دیا، جس سے دودھ ریٹیل قیمت بڑھ گئی۔
ڈیری فارمر ایسوسی ایشن نے لاک ڈاون کو جواز بناتے ہوئے دودھ کی فی لیٹر قیمت ایک سو دس روپے سے ایک سو بیس روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
0 تبصرے